نئی دہلی،7؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈونے آج کہا کہ این ڈی ٹی وی پر کوئی چھاپہ ماری نہیں ہوئی اور چینل کے کسی دفتر میں سی بی آئی داخل نہیں ہوئی۔انہوں نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ سی بی آئی کی طرف سے تلاشی لیاجانامیڈیا کی آزادی پر حملہ ہے۔سی بی آئی نے مبینہ بینک جعل سازی کو لے کر گذشتہ پانچ جون کواین ڈی ٹی وی کے بانی رائے کی جائیداد پر چھاپہ ماری کی تھی۔اس کو لے کر کافی تنقید ہوئی تھی۔کئی سیاسی جماعتوں، ایڈٹرس گلڈ آف انڈیا، بھارتی پریس کلب اور آل انڈیا نیوجپیپرس ایڈٹرس کانفرنس نے سی بی آئی کے اس قدم کی تنقید کی تھی۔نائیڈو نے یہاں ایک پروگرام سے الگ کہاکہ این ڈی ٹی وی پر کوئی چھاپہ نہیں پڑا۔سی بی آئی نیوزروم احاطے یا ٹی وی سٹوڈیو یا چینل سے متعلق کسی دفتر میں داخل نہیں ہوئی۔چینل کے خلاف انتقامی کارروائی کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ این ڈی ٹی وی کے پرموٹروں کوقانون کے سامنے اپنی بات رکھنی چاہئے کیونکہ ان کے اقدامات پر سوال کھڑے ہوئے ہیں جن انکشاف ہوناضروری ہے۔